ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / میں بھی عہدہ وزیر اعلیٰ کا دعویدار:تنویر سیٹھ

میں بھی عہدہ وزیر اعلیٰ کا دعویدار:تنویر سیٹھ

Sat, 26 Jun 2021 11:39:55    S.O. News Service

میسورو،26؍جون(ایس او  نیوز)سابق ریاستی وزیر اور میسور وکے نرسمہا راجہ حلقہ کے رکن اسمبلی تنویر سیٹھ نے کہا ہے کہ ریاست میں وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لئے وہ بھی ایک سنجیدہ دعویدار ہیں۔ کانگریس اعلیٰ کمان اگر موقع دے تو وہ بھی وزیر اعلیٰ بننے کے لئے تیار ہیں۔

اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سبھی طبقات کے لوگ اگر وزیر اعلیٰ کی کرسی کے لئے دعویداری کر رہے ہیں تو کوئی مسلمان اگر اس کرسی کے لئے دعویداری کردے تو اس میں کیا ہرج ہے۔ کیا کوئی مسلمان ریاست کا وزیر اعلیٰ نہیں بن سکتا یا ایسا ہے کہ مسلمان قائدین میں وزیر اعلیٰ بننے کی صلاحیت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کو ابھی دوسال کا عرصہ باقی ہے اس سے پہلے ہی ریاست میں کانگریس حکومت بننے کی صورت میں وزیر اعلیٰ کے عہدے کی دعویداری کرنا اور اس کے لئے پارٹی کے اراکین اسمبلی کو ورغلانا درست نہیں۔ جب پارٹی اسمبلی انتخابات کے بعد ریاست کے اقتدار پر قابض ہو گی اس اس کے بعد نومنتخب اراکین اسمبلی اپنے لیڈر کا انتخاب کریں گے اور پارٹی اعلیٰ کمان کی طرف سے اس پر مہر تصدیق ثبت کی جائے گی اس سے پہلے وزیر اعلیٰ کے عہدے پر دعویداری اور اس پر بحث فضول ہے۔پارٹی کے سبھی قائدین کو فی الوقت اس بات پر توجہ دینی چاہئے کہ کس طرح کانگریس کو اقتدار پر لایا جا سکے۔


Share: